کراچی: اسلامی فتوحات پر مبنی ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’دیریلیش ارطغرل‘ نے پاکستان میں نشر ہونے کا نیا ریکارڈ بناتے ہوئے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔
’دیریلیش ارطغرل‘ کو وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر یکم رمضان المبارک سے اردو میں ڈبنگ کرکے ’ارطغرل غازی‘ کے نام سے نشر کیا جا رہا ہے اور 18 مئی کی شب تک اس ڈرامے کی 24 قسطیں ٹی وی پر نشر کی جا چکی تھیں۔
’ارطغرل غازی‘ کو پی ٹی وی پر نشر کیے جانے کے فوری بعد پی ٹی وی کی جانب سے بنائے گئے خصوصی یوٹیوب چینل (TRT Ertugrul by PTV) پر اپ لوڈ کیا جاتا ہے، جہاں اس ڈرامے کو ریکارڈ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
’ارطغرل غازی‘ کی تمام اقساط کو 14 مئی کی شب 10 بجے تک (TRT Ertugrul by PTV) کے یوٹیوب چینل پر مجموعی طور پر 21 کروڑ کے لگ بھگ مرتبہ دیکھا جا چکا تھا۔اگرچہ پاکستان میں کچھ ڈراموں، فلموں یا گانوں کو اتنی بار ہی دیکھا گیا ہوگا مگر انہیں اتنی بار کئی ماہ اور کئی سال کے عرصے کے دوران دیکھا گیا ہوگا مگر ’ارطغرل غازی‘ ڈرامے کو محض 23 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا گیا۔
یوٹیوب چینل (TRT Ertugrul by PTV) کا جائزہ لیا جائے تو پتہ چلے گا کہ ’ارطغرل غازی‘ کی 24 میں سے محض کوئی ایک یا دو قسطیں ایسی ہیں جنہیں 10 لاکھ سے کم بار دیکھا گیا تاہم مجموعی طور پر ڈرامے کی زیادہ تر قسطوں کو 25 لاکھ سے 80 لاکھ کے درمیان دیکھا گیا۔
’ارطغرل غازی‘ کی صرف ایک یعنی پہلی قسط کو ہی 14 مئی تک 2 کروڑ 90 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا تھا اور ڈرامے کی پہلی قسط 25 اپریل کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی تھی۔
’ارطغرل غازی‘ کی یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی قسط پہلی ہی ہے تاہم اسی ڈرامے کی دوسری قسط کو 14 مئی کی شب 10 بجے تک ایک کروڑ 60 لاکھ بار، تیسری قسط کو ایک کروڑ 40 لاکھ بار، چوتھی قسط کو ایک کروڑ 20 لاکھ بار جب کہ پانچویں قسط کو ایک کروڑ 10 لاکھ بار دیکھا جا چکا تھا۔ڈرامے کی 17 مئی کو ریلیز ہونے والی 23 ویں قسط کو یوٹیوب پر 24 گھنٹے کے دوران 23 لاکھ بار دیکھا جا چکا تھا اور یوں مجموعی طور پر ڈرامے کی 24 قسطوں کو گزشتہ 24 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا جا چکا ہے اور اتنی بڑی تعداد میں آج تک پاکستان میں کسی مقامی ڈرامے کو بھی نہیں دیکھا گیا۔
’ارطغرل غازی‘ نے 20 دن میں 20 کروڑ بار دیکھے جانے پر جہاں ریکارڈ بنایا، وہیں اس ڈرامے نے پاکستان کے اب تک کے سب سے مقبول ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کو بھی مقبولیت میں پیچھے چھوڑ دیا اور اس ڈرامے کی پہلی قسط کو گزشتہ ماہ میں 2 کروڑ 79 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا ہے جب کہ ترک ڈرامے کی پہلی قسط کو محض 24 دن میں 2 کروڑ 90 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔
دوسری جانب ’ارطغرل غازی‘ کی وجہ سے پی ٹی وی کی ریٹنگ اور معیار میں بھی بہتری دیکھی جا رہی ہے اور عوام کئی سال بعد سرکاری ٹی وی کی تعریفیں کرنے میں مصروف ہے۔علاوہ ازیں 18 مئی تک پی ٹی وی کی جانب سے ’ارطغرل غازی‘ کے لیے بنائے گئے خصوصی یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد بھی 30 لاکھ کے قریب جا پہنچی تھی۔پی ٹی وی کی خواہش ہے کہ اس یوٹیوب چینل کو ایک ماہ میں کم از کم 67 لاکھ افراد سبسکرائب کریں تاکہ وہ ایک نیا ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوں.اس وقت یوٹیوب پر ایک ماہ میں سب سے زیادہ 66 لاکھ سبسکرائبر کا ریکارڈ ہے اور پی ٹی وی اس ریکارڈ کو توڑنا چاہتی ہے
دوسری جانب ’ارطغرل غازی‘ کی وجہ سے پی ٹی وی کی ریٹنگ اور معیار میں بھی بہتری دیکھی جا رہی ہے اور عوام کئی سال بعد سرکاری ٹی وی کی تعریفیں کرنے میں مصروف ہے۔علاوہ ازیں 18 مئی تک پی ٹی وی کی جانب سے ’ارطغرل غازی‘ کے لیے بنائے گئے خصوصی یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد بھی 30 لاکھ کے قریب جا پہنچی تھی۔پی ٹی وی کی خواہش ہے کہ اس یوٹیوب چینل کو ایک ماہ میں کم از کم 67 لاکھ افراد سبسکرائب کریں تاکہ وہ ایک نیا ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوں.اس وقت یوٹیوب پر ایک ماہ میں سب سے زیادہ 66 لاکھ سبسکرائبر کا ریکارڈ ہے اور پی ٹی وی اس ریکارڈ کو توڑنا چاہتی ہے
خیال رہے کہ ’ارطغرل غازی‘ کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی کہانی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔
ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔
یہ ڈراما پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔یہ ڈراما پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما ’نیٹ فلیکس‘ سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔ ڈرامے کو ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔
0 تبصرے