عمران خان پہلے اور آخری وزیراعظم ہیں جنہوں نے عوام کو کشمیر پر متحد نہیں کیا، بلاول

عمران خان پہلے اور آخری وزیراعظم ہیں جنہوں نے عوام کو کشمیر پر متحد نہیں کیا، بلاول



Imran-Khan-is-the-first-and-last-Prime-Minister-who-did-not-unite-the-people-on-Kashmir-Bilawal
کراچی :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے کشمیریوں کو یتیم اور لاوارث چھوڑ دیاہے۔کراچی میں پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کشمیر کاز میں صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑا اور آج بھی ان کی تقریریں کو پاکستان اور کشمیر کے عوام یاد کرتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ جب شہید ذوالفقار علی بھٹو احتجاج کی کال دیتے تھے تو صرف آزاد کشمیر ہی نہیں بلکہ پورا مقبوضہ کشمیر بھی احتجاج میں ساتھ دیتا تھا کیونکہ انہیں پورا اعتماد تھا کہ پاکستان کی قیادت اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہر فورم پر ہر موقع پر کشمیریوں کی آواز اٹھائی اور آج بھی پیپلزپارٹی نے وہی سلسلہ جاری رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اپوزیشن ہو یا حکومت میں واحد سیاستدان ہوں جس نے شروع دن سے مودی کی مخالفت کی ہے، پیپلزپارٹی پہلے دن سے مودی کی مخالفت کررہی ہے اور آگے جاکر بھی کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے کشمیریوں کو یتیم اور لاوارث چھوڑ دیاہے وہ بھی ریکارڈ کا جصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے پہلے اور آخری وزیراعظم ہیں جنہوں نے پاکستان کے عوام کو کشمیر پر متحد نہیں کیا، جو بھی حکومت ہو آمر، جمہوری، سیلیکٹو یا کٹھ پتلی یا منتخب جب بھی کشمیر کا مسئلہ آتا تھا تو ہم سب اکٹھے ہوتے تھے لیکن یہ نالائق وزیراعظم نے کشمیر کاز پر بھی اتحاد قائم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ یہ وہ وزیراعظم ہیں جس نے مودی کی الیکشن مہم کے دوران اس کی حمایت کی تھی اور کہا تھا کہ مودی جیتے گا تو کشمیر کاز حل ہوجائے گا اور یہ جیسے حل ہورہا ہے پورے پاکستان کے سامنے ہے، اس پر میں حیران ہوں کہ ہمارے کشمیریوں کو لاوارث چھوڑنے، مودی کی حمایت کے باوجود قومی اسمبلی میں کھڑے ہو کر کہتے ہیں کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی عمران کی خارجہ پالیسی سب سے کامیاب رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہر پاکستانی اپنے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کشمیر کے عوام کورونا سے پہلے لاک ڈاؤن میں ہیں ان کے ساتھ جو ناانصافیاں ہورہی ہیں ان پر بات کرنا ہمارا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور اب ہماری معیشت اور جمہوریت کو جو نقصان پہنچارہے ہیں وہ اب اس نکتے پر پہنچ چکا ہے کہ عمران خان کا وزیراعظم رہنا نہ صرف ہمارے جمہوریت، معیشت بلکہ ہر پاکستانی کی زندگی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جب دنیا میں عالمی وبا کی وجہ سے کساد بازاری کا خطرہ ہے تو بجٹ پر توجہ مرکوز ہونی چاہیے تھے کہ ان مزدوروں اور محنت کشوں کو ریلیف دیں جن کا ذکر عمران خان کرتے رہتے ہیں، جو ڈاکٹرز اور فرنٹ لائن ورکرز ہمارے لیے جہاد لڑرہے ہیں ان کے لیے سپورٹ دلواتے۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ ٹڈی دل کی وجہ سے جس طرح ہر کسان کی فصل اب خطرے میں ہے تو ان کے لیے بھی اس بجٹ میں کوئی خاص سپورٹ پیش نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے عوامی بجٹ پیش کیا ہے اور کم وسائل، ناانصافی ہونے کے باوجود وفاقی حکومت کی نالائقی کے باعث ٹیکس شارٹ فال کی وجہ سے صوبے کو 209 ارب روپے کم مل رہے ہیں۔ جب صوبوں کو سپورٹ کرنا چاہیے تھا تو انہیں کم وسائل دیے جارہے ہیں اور کم وسائل کے باوجود پیپلزپارٹی کی حکومت ایسے پروگرام لائی ہے جس سے عوام کو ریلیف دیا جاسکے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے