پاکستان میں کورونا کے 26 ہزار 435 مصدقہ مریض، 599 جاں بحق

پاکستان میں کورونا کے 26 ہزار 435 مصدقہ مریض، 599 جاں بحق



26435-confirmed-cases-of-corona-in-Pakistan-599-deaths
 اسلام آباد: ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1764 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 30 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1764 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 30 افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔ اس طرح  کورونا کے مصدقہ مریض 26 ہزار 435 ہوگئے جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 599 ہو گئی ہے۔

پنجاب  میں 10033، سندھ میں 9691، خیبرپختونخوا 3956، بلوچستان 1725، اسلام آباد 558، آزاد کشمیر 78 اورگلگت بلتستان میں 394 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 594 ہو گئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 209 اموات ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 183، سندھ میں 171، بلوچستان 24، اسلام آباد میں 4 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ 163 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

واضح رہےملک کے بیشتر علاقوں میں کاروبار شروع ہوگیا اور دکانیں کھل گئیں تاہم کراچی میں کاروبار بدستور بند ہے۔وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث 45 روز سے نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد  مختلف علاقوں میں کاروبار زندگی بحال ہونا شروع ہوگیا تاہم پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے جس کے باعث لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دن کے آغاز پر بازار اور دکانیں کھل گئیں تاہم بڑے شاپنگ مالز، بڑی مارکیٹیں اور پلازے بند رہے۔ تمام کاروبار فجر سے شام 5 بجے تک کھولے جائیں گے۔ اسپتالوں میں او پی ڈیز، نادرا دفاتر سمیت ضروری خدمات کے ادارے بھی کھلے ہیں اور شاہراہوں پر ٹریفک میں بھی اضافہ ہوگیا۔

انتظامیہ دکانوں اور مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے پر عزم ہے جبکہ کاروباری مراکز میں کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں شہریوں کا ملا جلا ردعمل ہے۔ اہم شاہراہوں پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان تعینات ہیں جبکہ گشت بھی جاری ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

1 تبصرے