کیا علیم خان اتنے بااثر ہیں کہ ریاست نے اپنی زمین انہیں دے دی: اسلام آباد ہائیکورٹ

کیا علیم خان اتنے بااثر ہیں کہ ریاست نے اپنی زمین انہیں دے دی: اسلام آباد ہائیکورٹ


Is-Aleem-Khan-so-influential-that-the-state-gave-him-his-land-Islamabad-High-Court
 اسلام آباد : چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا ہے کہ کیا علیم خان اتنے بااثر ہیں کہ ریاست نے اپنی زمین پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کو استعمال کے لیے دے دی؟

اسلام آباد ہائیکورٹ میں صوبائی وزیر علیم خان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ الزام ہے ریاست کی زمین پرائیویٹ سوسائٹی کو دی گئی، نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف لوگوں کو بھی زبردستی بے دخل کرنے کا الزام ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کو فائدہ پہنچانے کے لیے ریاستی زمین پر سوسائٹی کو سڑک بنانے کی اجازت کیوں دی گئی؟جسٹس اطہر من اللہ نے مزید پوچھا کہ پرائیویٹ سوسائٹی کے اکثریتی شیئرز کا مالک کون ہے؟

وکیل نجی سوسائٹی نے بتایا کہ پارک ویو ہاؤسنگ سوسائٹی کی اکثریتی شیئر ہولڈر علیم خان کی اہلیہ ہیں، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ علیم خان کون ہیں؟ عدالت نے ریمارکس دیے کہ علیم خان اتنے بااثر ہیں کہ ریاست نے اپنی زمین پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کو استعمال کے لیے دے دی؟

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ عدالت کیوں نہ یہ معاملہ وفاقی کابینہ کو بھجوا دے؟ کیوں نہ معاملےکی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کی تشکیل کا لکھا جائے۔  سی ڈی اے ریاست کی زمین کیسے دے سکتا ہے؟

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے نے عدالت کے سامنےاعتراف کیا کہ ایسا کرنا بورڈ کی غلطی تھی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی رپورٹ پڑھیں، قبضہ مافیا کی وجہ سےکرائم ریٹ میں اضافہ ہوا۔ عدالت روز کہتی ہے کہ اسلام آباد میں قانون کی حکمرانی نہیں ہے۔عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے سے 13 اگست تک تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے