پاکستان میں مہنگائی کی نئی لہر

پاکستان میں مہنگائی کی نئی لہر

Inflation-rises-in-pakistan
لاہور  ( خبر نگار ) رواں مالی سال کے دسویں ماہ (اپریل 2019)کے آغاز میں مہنگائی کی شرح میں0.81فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریئے میں 0.64فیصد اضافہ ریکار ڈ کیا گیا۔ادارہ برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق پانچ اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران پیٹرول ، ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کاتیل ،ٹماٹر، ایل پی جی ،زندہ مرغی، دال مسور ، چنے کی دال ،پیاز ،لہسن ،چینی ، گڑ ،کیلے، خوردنی تیل، مٹن، ملک پاڈر،تازہ دودھ ، دہی، نمک ،اری چاول ،ویجی ٹیبل گھی سمیت 27 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا 

تیل، گھی، سبزی،گوشت،دال،دودھ،مرغی، چاول مزید مہنگے

آلو،انڈے، دال مونگ ،دال ماش،سرخ مرچ ،گندم، آٹا ،بیف، سمیت 9اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزارآمدنی ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.68، 0.73 ،0.77 اور 0.91 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادھروزیرمملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں اگلے ڈیڑھ سال معیشت پر مزید بھاری گزریں گے جبکہ مشیر تجارت عبدالرزاق دا ؤد نے ملک میں مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجوہات معلوم کررہے ہیں۔مشیر تجارت نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے، مہنگائی کے بڑھنے کے محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں، پاکستان آگے بڑھے گا، انشا اللہ مشکلات جلد حل ہو جائیں گی۔مارچ میں برآمدات کم ہوئیں، وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جنوری، فروری میں برآمدات بڑھ رہی تھیں مارچ میں اچانک گریں۔ جب تک پوری لائن صحیح نہیں چلے گی رکاوٹیں آئیں گی۔فیصل آباد کے تاجروں نے بتایا مارچ میں آرڈرز میں اضافہ ہوا،مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ چیلنجز ہیں ہمیں سوچنا ہوگا کہاں سے بہتری آنی چاہیئے، وزیر اعظم 28 اپریل کو چین جائیں گے اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے